وزیراعلی سندھ

عمران خان کی باتوں پر ہنسا ہی جا سکتا ہے، وہ جلسہ کریں تو لوگوں کو مفت میں انٹرٹینمنٹ مل جاتی ہے، وزیراعلی سندھ

کراچی(گلف آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ عمران خان کی باتوں پر ہنسا ہی جا سکتا ہے، وہ جلسہ کریں تو لوگوں کو مفت میں انٹرٹینمنٹ مل جاتی ہے، پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں پہلے سے زیادہ ووٹ لے گی،عوام کو غلام کہنے والے سیاستدان خود غلام ہیں، صحافیوں کو آئین وقانون کی پاسداری کرنی چاہیے،جولائی 2020 کے بعد سندھ میں کوئی بھی پولیوکاکیس نہیں آیا، ایک سال سے زائد عرصہ ہوگیا پولیو وائرس کے تمام سیمپل نیگٹو آئے ہیں۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اوروزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذراافضل پیچوہو نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں بچوں کو پولیو سے بچائو کی خوراک پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر میڈیا بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایسا ماحول بنا دیا گیا ہے کہ ملک پتا نہیں کہاں جارہا ہے، صوبے کے لوگوں نے پیپلزپارٹی کو گزشتہ 3الیکشنز میں بڑی کامیابیاں دلائیں، انشااللہ 2023 کے الیکشن میں بھی سندھ کے لوگ پی پی کو کامیاب کرائیں گے۔سندھ بلدیاتی الیکشن کے حوالے وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت چلیں الیکشن بھی ہوجائیں گے، 21تاریخ کوبائے الیکشن اور28اگست کولوکل گورنمنٹ الیکشن کا سیکنڈ فیز ہے۔

انہوں نے کہاکہ گانے بجانے سے نہیں خدمت سے ووٹ ملتے ہیں، پی پی آئندہ انتخابات میں پہلے سے زیادہ ووٹ لے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ عمران خان اور ان کی پارٹی لوگوں کی تفریح کے لیے میلہ لگاتی ہے، جلسوں میں عوام کو مفت تفریح ملتی ہے، عمران خان کراچی میں شغل میلہ لگالیں، میلہ لگانے یا گانے بجانے سے کام ہوتے تو ملکی سربراہ اچھے گلوکار یا طبلہ بجانے والے ہوتے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو 75 سال پہلے آزادی ملی تھی، عمران خان کون سی آزادی کی بات کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جناح اسپتال کے اطراف ڈرینج کا مناسب نظام نہیں ہے،کراچی میں غیریقینی بارشیں ہوئیں، کراچی کی سڑکیں گھنٹوں میں کلیئر ہوجاتی ہیں، بارشوں کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی رہتا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کے لیے سندھ میں مین شاہراہیں کٹ گئی ہیں، سڑکوں کی بہتری کیلئے کے ایم سی کو ایک ارب جاری کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اوربلاول بھٹوزرداری آزادی اظہاررائے کے حق میں ہیں، پیپلزپارٹی میڈیا پر پابندی کے خلاف ہے،میڈیا کو سپورٹ کرتے رہیں گے، پیپلزپارٹی میڈیا کی آزادی کیلئے جدوجہد کرتی رہی اور کرے گی، کسی چینل کو بند اور صحافی پر قدغن نہیں ہونی چاہیے، تاہم صحافیوں اور میڈیا ہائوسز کو بھی آئین اورقانون کی پاسداری ضرور کرنا چاہئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ پولیو سے جلد چھٹکارا حاصل کریں۔جولائی 2020 کے بعد سندھ میں کوئی بھی پولیوکاکیس نہیں آیا، ایک سال سے زائد عرصہ ہوگیا پولیو وائرس کے تمام سیمپل نیگٹو آئے

اپنا تبصرہ بھیجیں