وزیرِ اعظم

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں بالخصوص گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر تے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ پیر کووزیراعظم آفس کے میڈیا و نگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی زیرِ صدارت ملک میں سرمایہ کاری پر اعلی سطح اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا مفتاح اسماعیل، چوہدری سالک حسین، احسن اقبال معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کمیٹی کو دس دن کے اندر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے،چینی ورکرز کے ویزا کے حصول میں تمام رکاوٹوں کی فوری حل کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ چینی ورکرز کے ویزا میں سی پیک اور دوسری کمپنیوں کے ورکرز کی تفریق ختم کرکے ویزا کے طریقہ کار کو سہل اور تیز کیا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو توانائی، انفرا اسٹرکچر، ریلوے، پورٹ انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں فوری طور پر 1 سے 2 ارب ڈالر کی کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ان منصوبوں سے نہ صرف 45 ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان کےEase of Doing Business Index میں بہتری آئے گی۔وزیرِ اعظم نے فوری طور پر ان منصوبوں پر سرمایہ کاری بورڈ، وزارتِ منصوبہ بندی اور وزارتِ خزانہ کو باہمی تعاون سے ایک جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں