وزیر داخلہ پنجاب

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون پر پستول تاننے والے ایس ایچ او کوبرخاست کر دیا گیا’ وزیر داخلہ

لاہور( گلف آن لائن)صوبائی وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون پر پستول تاننے والے ایس ایچ او کو نوکری سے برخاست کردیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سب انسپکٹر عابد جٹ جس نے 25 مئی کو ایک نہتی اور پرامن خاتون پہ پستول تانا تھااسے نوکری سے برخاست کردیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے محکمانہ انکوائری کرکے ایس ایچ او کو نوکری سے برخاست کیا، انکوائری میں ثابت ہوا ہے کہ ایس ایچ او کو پستول تاننے کی کوئی ہدایت نہیں تھی۔ہاشم ڈوگر نے کہا کہ جنہوں نے زیادتیاں کی ہیں آئندہ چند دن میں ایسی اور بھی کارروائیاں ہوں گی۔ہاشم ڈوگر نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیںجس نے آئین وقانون کی خلاف ورزی کی ہے اس کے خلاف کارروائی ہوگی، اطلاعات ہیں عطاتارڑ نے پولیس کو زائد المیعاد آنسو گیس شیلنگ کا حکم دیا۔

عطا تارڑ سے یہ ہی پوچھنا تھا کہ انہوں نے حکم دیا ہے یا نہیں، عطا تارڑ نے حکم نہیں دیا تو بیشک وہ اپنے گھر آرام سے آئیں جائیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کروں گا جو قصوروار ہوگا کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔صوبائی وزیرداخلہ کرنل (ر ) ہاشم ڈوگر نے نواز شریف کی وطن واپسی کی خبروں پر کہا کہ نواز شریف واپس آتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، نواز شریف علاج کیلئے ضمانت دے کر بیرون ملک گئے تھے، نوازشریف نے علاج کرایا یا نہیں الگ معاملہ ہے لیکن قانون سب کیلئے ایک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں