ہمایوں اختر خان

نام نہاد تجربہ کارحکمرانوں کے دور میں مہنگائی کا42 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوام میں سیاسی شعور بیدار کرنا عمران خان کی سب سے بڑی کامیابی ہے اور اسی کی وجہ سے سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ،جولائی 2018ء میں نئے پاکستان کے سفر کا آغاز ہوا تھا اور جولائی 2022ء کے ضمنی انتخابات میں عوام نے نئے لاہور کی بنیاد رکھ دی ،لاہور اور پنجاب اب (ن) لیگ کے چنگل سے آزاد ہو چکے ہیں اور عوام نے واضح کر دیا ہے کہ دہائیوں سے حکمرانی کرنے والی جماعتیں اب انہیں محکوم نہیں رکھ سکتیں ،نام نہاد تجربہ کارحکمرانوں کے دور میں مہنگائی کا42 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جو لمحہ فکریہ ہے، برآمدات میں اضافے اور استحکام کی بجائے اس میں کمی سے معیشت کی بنیادیں ہلنا شروع ہو گئی ہیں ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کے چند گھنٹوں کے نوٹس پر پاکستان کے عوام سڑکوں پر نکل آتے ہیں جو ثابت کرتا ہے کہ عوام عمران خان کو حقیقی معنوں میں اپنا لیڈر مانتے ہیں ۔ حکمران اتحاد ہر طرح کے حربے آزما چکا ہے لیکن اس کے باوجود عوام عمران خان کی جدوجہد سے الگ ہونے کے لئے تیار نہیں ۔عمران خان کی سیاسی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر دن رات منفی پراپیگنڈاکیا جارہا ہے لیکن اسے بھی کوئی پذیرائی نہیں مل رہی بلکہ عوام کے دلوں میں عمران خان کی عزت اور محبت مزید بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف بات کی ہے اور اپنے دور میں کرپشن کے آگے بند باندھا اورتاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ عوام کرپشن سے نفرت کرنا شروع ہوئے ۔

عمران خان نے نہ صرف عوام کو سیاسی شعور دیا بلکہ انہیں اپنے حقوق سے بھی آشنا کرایا ۔ عمران خان کے ملک بھر میں جلسے سیاست کا رخ بدلیں گے اور اس کے بعد سیاست ایسی کروٹ لے گی کہ مسلط حکمرانوں کے لئے یہ ممکن نہیں رہے گا کہ وہ عوام کے جلد سے جلد انتخابات کے مطالبے کو رد کر سکیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ان شااللہ تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنائے گی اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے یہ سلسلہ منقطع ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں