وزیراعظم محمدشہبازشریف

یہ خلا کبھی پْر نہیں ہوگا،نیرہ نور کی وفات پر وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے لیجنڈ گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ گلوکارہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کیلئے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے۔وزیر اعظم نے لکھا کہ نیرہ نور اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں، غزل ہو یا گیت، نیرہ نور نے جو بھی گایا کمال گایا۔شہباز شریف نے کہا کہ نیرہ نور کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پْر نہیں ہوگا، اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاکہ نیرہ نور کی وفات سے پاکستانی موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ خبر سن کر بے حد دکھ اور افسوس ہوا۔ انہوںنے کہاکہ سریلی آواز، گائیکی کا منفرد انداز اور عمدہ کلام کا انتخاب ناقابل فراموش ہے۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔واضح رہے کہ بلبل پاکستان کے نام سے مشہور پاکستان کی لیجنڈ گلوکار نیرہ نور 71 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔نیرہ نور کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ پچھلے چند روز سے بیمار تھیں اور کراچی میں ہی زیرعلاج تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں