مریم نواز

عمران خان اداروں پر دبا وڈالتے، دھمکیوں کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں،مریم نواز

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان دھمکیاں دے کر اداروں پر دبا وڈالتے ہیں، وہ ہمیشہ للکار کر اپنا راستہ صاف کرتے ہیں، لوگوں کو کہتے ہیں خوف کا بت توڑدیں، خود کسی کا نام لینے کی جرات نہیں، عمران خان کے پاس دھمکیوں کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔ ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جن کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں ،ان کا نام کیوں نہیں لیتے ؟

عوام سے کہتےہیں خوف کا بت توڑ دیں، عمران خان میں تو مسٹر ایکس وائے کا نام لینے کی ہمت تک نہیں، قوم کو ڈرانا دھمکا عمران نیازی کا طریقہ واردات ہے، عمران خان کا طریقہ کار یہی ہے ڈرا،دھمکا اور اپنا راستہ صاف کرو۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران نیازی کھلے عام اداروں کو للکارتے ہیں عدالتوں کو نظرکیوں نہیں آ رہا، اس روش کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، عمران خان جلسے میں للکارتے ہیں اور رات کے اندھیرے میں پاں پڑجاتے ہیں،خفیہ ملاقاتیں کرنےوالاہرجگہ رسوا ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کل جو کالز کروارہا تھا آج وہ کہہ رہے ہیں میرے اراکین کو کالز آرہی ہیں، دھمکیوں کا ثبوت ہے تو سامنے لا، عمران خان نے پارٹی اجلاس میں کہا کون کس سے ملاقات کررہاہے، کیاعمران خان نے اپنی پارٹی کو ملاقاتوں پر اعتماد میں لیاتھا، آپ نے کبھی پارٹی کو بتایا کہ آپ کس کس سے ملتے ہیں؟ کس کس سے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں؟ 2014 کے دھرنے کے دوران راحیل شریف سے ملنے ہنستے ہنستے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ اب آرمی چیف کی تعیناتی پر آ کر بات رک گئی ہے، وہ کہتے ہیں میری پسند کا آرمی چیف تعینات نہ کیا تو پورے ادارے کو بدنام کروں گا اور ان کے چہرے سیاہ و داغدار کردوں گا، حالانکہ ان میں ایسے افسران بھی ہیں جنہوں نے اس عہدے تک پہنچنے کےلیے اپنی پوری زندگی دی ہے، وہ جن کے لاڈلے ہیں وہ انہیں لاڈلا نہیں سمجھتے بلکہ بس ان سے اپنا کام نکلوانا چاہتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں گے ان کے کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا، نیب نے میرے کیس میں جو راہ فرار اختیار کی ہے یہ بات شوکت عزیز صدیقی اور رانا شمیم کو درست ثابت کرتی ہے۔ نائب صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ عوام کی قوت سے باہر ہے، عوام کو بہت تکلیف کا سامنا ہے، یہ آئی ایم ایف معاہدے کے ثمرات ہیں، اس کا ذمہ دار عمران خان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں