ہمایوں اختر خان

ڈالر کو مصنوعی طریقے سے کنٹرول کرنے کا خمیازہ معیشت اور قوم بھگت چکی ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی میں بھی ڈالر کو مصنوعی طریقے سے کنٹرول کیا جس کا خمیازہ ہماری معیشت اور پوری قوم نے بھگتا اوراب بھی پی ڈی ایم کی حکومت کی جانب سے اسی طرح کی منصوبہ بندی سامنے آرہی ہے ،وفاق میں بیٹھے حکمران معاشی میدان میں پے درپے ناکامیوںکے بعد اپنی سیاست کو بچانے کے لئے عمران خان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن انہیں اس میں بھی ناکامی ہو رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 121کے رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے محمد علی خان سے ان کے چچا،میاں محمود انصاری سے ان کی صاحبزادی اورآصف بیگ سے چھوٹے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ،آئندہ عام انتخابات کیلئے ان کے پاس عوام کو دکھانے کیلئے کوئی کارکردگی نہیں اس لئے ان کا سارا زور عمران خان پر بے بنیاد الزام تراشی اور پراپیگنڈہ کرنے پر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کے حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں ایسے میں بغیر کسی تاخیر کے صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد نا گزیر ہے اور اگر فوری طور پر انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو پھر معیشت کو سنبھالنا مشکل سے مشکل ہوتا جائے گا ۔

ہمایوں اختر خا ن نے کہا کہ سیاسی مخالفین عمران خان کے شارٹ نوٹس پر ہونے والے غیر معمولی جلسوں سے خوفزدہ ہیں اور انہیں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے ، عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہے اور عوام عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کو دوبارہ حکومت میں لانے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں