وزیراعظم شہباز شریف

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور( گلف آن لائن)احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی ۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش نہ ہوئے ان کی جانب سے مستقل حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔وکلا ء کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم ملکی امور میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکیں گے جبکہ حمزہ شہباز کمر میں تکلیف کے باعث عدالت نہیں آسکتے لہٰذاعدالت ان کی حاضری کی معافی کی درخواستیں قبول کرے۔عدالت نے وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کو عدالت میں پیشی کے لیے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دیدی جبکہ حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں