سینئر صوبائی وزیر

ن لیگ کی قیادت نے عوامی خدمت کی بجائے کرپشن اور جھوٹ میں نام کمایا’ سینئر صوبائی وزیر

لاہور(گلف آن لائن) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ کی قیادت نے عوامی خدمت کی بجائے کرپشن اور جھوٹ میں نام کمایا۔لندن کے محلات بارے شریف خاندان کی تضاد بیانی سب کے سامنے ہے۔مریم نواز کی یہ بات بھی یاد ہے کہ کوئی مجھے پاسپور ٹ ٹرے میں رکھ کر پیش کرے تو بھی نہ لوں۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی اور سماجی و سیاسی شخصیات سے 90شاہراہ قائد اعظم پرملاقاتوں کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سینئر صوبائی و زیر نے کہا کہ سازش کے ذریعے اقتدار میںآنے والے نا اہل حکمرانوں نے ترقی کرتی ہوئی معیشت کا پہیہ جام کیا۔ ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ لیکن کارکردگی بد ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور ،کسان ،سیلاب زدگان اور عام آدمی رُل گیا ہے۔پی ڈی ایم کی بری طرز حکمرانی اور کمزور معاشی پالیسیوں نے معیشت ڈبودی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کرپٹ ٹولے نے اپنی کرپشن چھپانے اور لوٹ مار جاری رکھنے کے لئے نیب کے قوانین بدل دیئے اورنیب قوانین میں ترامیم سے چوروں کے لئے پھر سے دروازے کھل گئے ہیں۔نااہل اور نکمے حکمرانوں نے قوم کا ماضی ، حال اور مستقبل تباہ کر دیا۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوامی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو مزید مہلت نہیں دی جا سکتی۔بد ترین مہنگائی اور معاشی تباہی کے ذمہ داروں کو اب گھر جانا ہوگا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں نا اہل حکمرانوں سے نجات کی تحریک کامیاب ہوگی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، سردار حسنین بہادر دریشک ، ممبرپنجاب اسمبلی چوہدری شبیر گجر،تحریک انصاف کے رہنماحاجی ارشاد ڈوگر، ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ ،منظور قادر، وقاص افتخاراور دیگر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں