سید خورشید شاہ

عمران خان کا کر دار سیاستدان کا نہیں ،سید خورشید شاہ کا موجودہ صورتحال میں عمران خان کے رویئے پر سخت تشویش کا اظہار

اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے موجودہ صورتحال میں سابق وزیراعظم عمران خان کے رویئے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس وقت عمران خان کا کر دار سیاستدان کا نہیں ہے ،کسی صوبے کو حق نہیں پہنچتا وہ وفاق پر حملہ کرے ، ایسی سیاست کرنی ہے تو پھر آئین کو ختم کر دیں جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہوگی وہی حکمران ہوگا ،عمران درجنوں جلسے کررہے ہیں ، قوم کو ساڑھے تین کا حساب کیوں نہیں دیتے ، سیاستدان یوٹرن نہیں لیتا ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے ساڑھے تین سال میں ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے ، اب کہتا ہے ہم سمجھ گئے ہیں ،عمران خان ساڑھے تین سال کا حساب کیوں نہیں دیتے ؟۔انہوں نے کہاکہ اس نے 38جلسے کئے اس میں کیوں حساب نہیں دیتے کہ میں نے ساڑھے تین سال میں کیا کیا ہے ؟جلسوں میں یہ گالم گلوچ کرتاہے ۔

ایک سوال پر سید خورشید شاہ نے کہاکہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار ہے ، عمران خان کے کچھ کہنے یا نہ کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان دن میں دس باتیں کرتا ہے ، سیاستدان کی ایک ہی پہنچان ہے جب قوم سے وعدہ کرتا ہے تو وہ پورا کرے ،یہ سیاستدان ہوتا تو یوٹرن کبھی نہیں لیتا اس کی پوری تاریخ یوٹرن سے بھری ہوئی ہے ۔

اسحق ڈار کی واپسی سے متعلق سوال پر سید خورشید شاہ نے کہاکہ اس ملک کے ساتھ کافی عرصہ سے بڑی زیادتی ہورہی ہے کہ کوشش کی جائے کہ پاکستان ہر بڑے ادارے ورلڈ بینک ، آئی ایم ایف ، ایشیائی ترقیاتی بینک کا مقروض رہے ،ہمیں اٹھنے نہیں دیا گیا ،وہی چیز دوسروں ممالک کیلئے حلال تھی ہمارے لئے حرام تھی ۔ انہوںنے کہاکہ جب ہم نے ماضی میں کوئلے پر بجلی پیدا کر نے کے معاہدے کئے تو کسی طریقے سے اس کو بند کروایا گیا مگر چائنہ ، جرمنی ، امریکہ اور انڈیاکوئلہ سے بجلی پیدا کررہے تھے ان کیلئے قانون اور تھا ، نظر یہی آرہا ہے کہ دنیا بھی یہی چاہتی ہے پاکستان ترقی نہ کرے ۔

انہوںنے کہاکہ اس وقت عمران خان کا کر دار سیاستدان کا نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کسی صوبے کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ وفاق پر حملہ کرے ، پھر آئین کو ختم کر دیں اور جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہوگی وہی حکمران ہوگا ، عمران خان نے پہلے دن یہی سیاست کی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں