شیری رحمن

عمران خان نے لانگ مارچ کا نہیں ،لاہور سے اسلام آباد شارٹ مارچ کا اعلان کیا ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کا نہیں ،لاہور سے اسلام آباد شارٹ مارچ کا اعلان کیا ہے،اگر ان کی عمران بچائو تحریک اتنی مقبول ہے تو پیپلز پارٹی کی طرح کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ کر کے دکھائیں۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ میں نے تحریک انصاف کو چیلنج کیا تھا کہ وہ پیپلز پارٹی جیسا لانگ مارچ نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ ان کا شارٹ مارچ جی ٹی روڈ سے شروع اور جی ٹی روڈ پر ختم ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان جانتے ہیں لوگ ان کی انتشار کی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ 25 مئی اور 21 اکتوبر کو لوگوں نے باہر نا نکل کر تحریک انتشار کی کال کو مسترد کیا، اس بار بھی عمران خان کو ناکامی ہوگی۔ شیری رحمان نے کہاکہ انتخابات کا اعلان کسی جتھے کے ذاتی مطالبے کی بنیاد پر نہیں کیا جائے گا، انتخابات آئین کے مطابق وقت پر ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان میں ابھی بھی 2.6 ملین لوگ ہنگامی امداد کے منتظر ہیں، لاکھوں کیمپس میں رکے ہوئے، اس صورتحال میں یہ مارچ نکال کر انتخابات کا مطالبہ کر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں