شرجیل میمن

عمران خان اداروں کی شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، شرجیل میمن

کراچی (گلف آن لائن)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے خلاف گھناونی سازش کر رہے ہیں وہ اور دیگر پی ٹی آئی رہنماء اداروں کی شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان غیر اخلاقی زبان اور جھوٹے بہتان مخالفین پر لگاتے رہے ہیں اور اب وہ وہی زبان جج صاحبان، الیکشن کمشنر کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب بہتان تراشی افواج پاکستان کے سینئر افسران کے خلاف کر رہے ہیں، انہوں نے معزز عدالتوں اور الیکشن کمیشن پر دبائو ڈالا، وہ اب ان افسران پر بھی تنقید کر کے دبائو ڈالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد ہے کہ ہر ادارہ ان کی ٹائیگر فورس کی طرح کام کرے، انہوں نے اپنے ناپاک عزائم کو ختم نہ کیا تو عوام انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عدلیہ، افواج اور الیکشن کمیشن کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، عمران خان کے ساتھ لاڈلے والا سلوک رکھا گیا ہے، انہوں نے جتنی بھی حدیں پارکیں، اس کی واحد وجہ اس کو مسلسل ڈھیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان افواج کے جن افسران کے نام لے رہے ہیں ان کا شاندار پروفیشنل کیریئر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں