بلاول بھٹو زر داری

تعلیم، صحت اور صاف و پرامن ماحول بچوں کی بہتر صحت مند نشونما کیلئے ضروری ہیں، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت اور صاف و پرامن ماحول بچوں کی بہتر صحت مند نشونما کیلئے ضروری ہیں،بچوں کے مفاد میں اٹھایا جانے والا ہر مثبت قدم ہماری نسل کی جانب سے اپنے بچوں کے بچوں کیلئے پیار اور شفقت کے پیغام کا حصہ ہوگا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمیداری ہے تاکہ بچے آنے والی نسلوں کی بھبود کے لیے اپنی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لاسکیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ تعلیم، صحت اور صاف و پرامن ماحول بچوں کی بہتر صحت مند نشونما کے لیے ضروری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں، جن کے ذہنوں کو رواداری اور ہم آہنگی کے ساتھ پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بچوں کے مفاد میں اٹھایا جانے والا ہر مثبت قدم ہماری نسل کی جانب سے اپنے بچوں کے بچوں کیلئے پیار اور شفقت کے پیغام کا حصہ ہوگا۔

بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر متعدد مشکلات کا سامنا ضرور ہے لیکن اس کے باوجود ہماری اولین ترجیح ہمارے بچوں کا مستقبل ہونا چاہئے کیونکہ پاکستان ان ہی سے منسلک ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے بچوں کو ابھی اپنی پوری زندگی گذارنی ہے، ہم اپنی زندگی کے تھوڑا یا بہت سا حصہ گزار چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت پولیو کے تقریباً ایک چوتھائی کیسز محض پاکستان سے رپورٹ ہو رہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیر اعظم اپنے دوسرے دور حکومت میں انسدادِ پولیو قطرے پلانے کا آغاز کیا تھا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ہم پولیو سے پاک ملک بننے کے قریب ہیں،اسے ہی وڑنری لیڈرشپ کہا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بحال کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے متعارف کردہ یادگار منصوبوں کو ہمیشہ سراہا جاتا رہے گا،ان منصوبوں کو خاص طور پر پاکستانی مائیں ضرور سراہتی رہیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بچوں، خواتین اور معاشرے کے دیگر غیرمحفوظ طبقوں کے لیے قانون سازی کے حوالے سے سندھ سب سے آگے ہے،دیگر صوبوں کو بھی سندھ کے اقدامات کی پیروی کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ مساوات اور یکساں مواقع ہر بچے کا ناقابلِ تردید حقوق ہیں،ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ سیلاب سے متاثر ہونے والے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،گزشتہ مہینوں میں سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے 33 ملین افراد میں سے ایک تہائی بچے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں تقریباً 19,000 اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں نے عالمی فورمز پر موسمیاتی انصاف کی افادیت پر زور دیا ہے کیونکہ یہ پاکستان ہی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،ہم مستقبل میں موسمیاتی آفات کا شکار پوری دنیا کے مقدمے کو لڑ رہے ہیں، پی پی پی مستقبل میں بھی ترجیحی بنیادوں پر بچوں کی بہتری و بہبود کے منصوبوں اور اسکیموں کو جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں