مریم اورنگزیب

مذہب پر سیاست چمکانے، شہداء کے خلاف غلیظ مہم چلانے اور قومی مفادبیچنے والا اب کشمیر پر سیاست کررہا ہے، مریم اور نگزیب

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مذہب پر سیاست چمکانے، شہداء کے خلاف غلیظ مہم چلانے اور قومی مفادبیچنے والا اب کشمیر پر سیاست کررہا ہے ۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ توشہ خانہ لوٹنے اور گھڑیاں بیچنے والا اب کشمیر کے نام پر اپنی گندی اور بے شرم سیاست کررہا ہے ،کشمیر فروش وزیراعظم شہبازشریف کو نہ بتائے کہ مسئلہ کشمیر پر کیا کرنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پر ایک گھنٹہ اٹھک بیٹھک کرنے اور سڑک چوراہوں کے نام بدلنے والا قومی مفاد پرکھیل کھیل رہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان کے اْکسانے پر منگلا ڈیم کی مرمت کے منصوبے کی تقریب میں افسوسناک حرکت کی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے اپنی ڈوبتی سیاست کی خاطر آزادکشمیر اور پاکستان کی بہتری کے منصوبے کی تقریب کو منفی رنگ دینے کی گھٹیا اورقابل مذمت چال چلی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سائیفر کے منٹس تبدیل کرکے قومی مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے ”کاریگر ”سے اور توقع ہی کیا کی جاسکتی ہے؟ ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ افسوس! وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے منصب کا خیال رکھا اور نہ ہی مسئلہ کشمیر کی نزاکت کی پرواہ کی۔ انہوںنے کہاکہ ذاتی، جماعتی اور سیاسی مفادات کے لئے مسئلہ کشمیر کو اس بھونڈے انداز میں استعمال کرنا مناسب نہیں تھا،انہیں یہ خیال کرنا چاہئے تھا کہ وہ آزاد ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے جان بوجھ کر وزیراعظم شہبازشریف کی تقریر کے دوران مداخلت کی۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نرمی سے انہیں یہ کہتے رہ گئے کہ ہم بیٹھ کر بات کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے اْن سے یہ بھی کہا کہ کوئی مسئلہ ہے تو وہ وزیراعظم آزادکشمیر سے مل کر اسے حل کریں گے۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہر عالمی فورم پر کشمیراورکشمیریوں کے مفادات کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، شنگھائی تعاون تنظیم سمیت ہر عالمی علاقائی فورم پر مسئلہ جموں و کشمیر کو پوری قوت سے اجاگر کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ کاش ! وزیراعظم آزاد کشمیر اس جرات کا اظہار اپنے ”کشمیر فروش قائد” کے سامنے کرتے ؟،کشمیر فروش کی نالائقی، نااہلی اورسازش کی وجہ سے بھارت کو 5 اگست 2019 کا غیرقانونی اقدام اٹھانے کی جرات ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کشمیر فروش مودی کی الیکشن میں کامیابی کی دعائیں کرتا رہا ،کشمیر فروش کہتا تھا مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا۔ وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ تنازعہ جموں و کشمیرپر پورا پاکستان متحد اور ایک آواز ہے۔ اس حساس معاملے کو سیاسی وجماعتی تقسیم کی بھینٹ نہ چڑھائیں، مہربانی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں