سینیٹ اجلاس

سینیٹ اجلاس، غیر ملکی سرمایہ کاری فروغ اورتحفظ (ترمیمی)بل2022منظور

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سینیٹ میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ہی غیر ملکی سرمایہ کاری فروغ اورتحفظ (ترمیمی)بل2022 منظور کر لیا گیا جبکہ صنعتی تعلقات(ترمیمی)بل2022 ایوان میں پیش کر دیا گیا جسے چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا ، اجلاس میں فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر قطر کو مبارک باد دینے سے متعلق قرارداد بھی منظور کرلی گئی،

پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹر اعظم خان سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر ایک بار پھر شدید احتجاج کیا اورچیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر شدید نعرے بازی کی ، پی ٹی آئی ارکان نے پر وڈکشن جاری کرو، اعظم سواتی کو رہا کرو ، چیئرمین صاحب ظلم بند کرو اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے، چیئرمین سینیٹ نے اجلاس کی کاروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔جمعہ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا،

اجلاس کے آغاز پر سینیٹر سرفراز بگٹی نے فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر قطر کو مبارک باد دینے سے متعلق قرارداد پیش کی چیئرمین سینیٹ نے قرارداد پر رائے شماری کرائی جس کے بعد قرارداد کو منظور کر لیا گیا ، قرارداد منظور ہونے کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹر اعظم خان سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر ایک بار پھراحتجاج شروع کردیا ، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے وقفہ سوالات کے تمام سوالات موخر کر دیئے ، اس دوران وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری فروغ اورتحفظ(ترمیمی)بل2022منظوری کے لئے پیش کیا ، چیئرمین سینیٹ نے بل پر رائے شماری کرائی جس کے بعد بل منظور کرلیا گیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی رکان نے اپنا حتجاج جاری رکھا اور پروڈکشن جاری کرو، اعظم سواتی کو رہا کرو ، چیئرمین صاحب ظلم بند کرو اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے، بل کی منظوری کے بعد چیئرمین سینیٹ نے ریمارکس دیئے کہ میں آج بلوچستان اور پاکستان کے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ بہت اچھا بل ہے اور اس سے انویسٹمنٹ میں ترقی ملے گی اور میں پرانی اور موجودہ حکومت کو سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، یہ میرے ضلع سے تعلق رکھتا ہے اور چاغی کے عوام کے لئے ایک خوش آئند بل ہے اور مستقبل میں تمام بزنس کے جو لوگ ہیں ان کو تحفظ حاصل ہو گا، اس موقع پر وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے صنعتی تعلقات(ترمیمی)بل2022پیش کیا جسے چیئرمین سینیٹ نے مزید غور کے لئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا ، جس پر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس کی کاروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔(ع ا)

اپنا تبصرہ بھیجیں