صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت کا قومی سطح پر ایک مربوط، موثر اور معیاری ذہنی و نفسیاتی صحت کی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ضرورت پر زور

اسلام آبا د(گلف آن لائن)صدر مملکت عارف علوی نے قومی سطح پر ایک مربوط، موثر اور معیاری ذہنی و نفسیاتی صحت کی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں ذہنی صحت اور بہبود کے مسائل سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر ایک مربوط اور یکساں نقطہ نظر اپنایا جانا چاہیے۔صدر عارف علوی کی زیرصدارت ذہنی و نفسیاتی صحت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں عالمی ادارہ صحت ، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ پاکستان سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔صدر مملکت نے قومی سطح پر ایک مربوط، موثر اور معیاری ذہنی و نفسیاتی صحت کی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں ذہنی صحت اور بہبود کے مسائل سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر ایک مربوط اور یکساں نقطہ نظر اپنایا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانیوں کی ذہنی و نفسیاتی صحت پر سرکاری اور نجی شعبوں کے مابین شراکت داری کی ضرورت ہے، دماغی صحت اور تندرستی سے متعلق وفاقی اور صوبائی سطح پر اور نجی شعبے میں اقدامات اٹھائے گئے ۔

عارف علوی نے کہاکہ تمام وسائل اور اقدامات کو ایک قومی ہیلپ لائن بنانے میں شامل کیا جانا چاہیے، دماغی صحت فراہم کرنے والے اداروں اور پروفیشنلز کا ڈیٹا بیس بنایا جائے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پہلی قومی ذہنی صحت کی ہیلپ لائن کے قیام اور آغاز کے لیے 45 ملین روپے کی مالی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں میں نئے راستے تلاش کیے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ہیلپ لائن کے قیام اور فعال ہونے کے بعد مکمل طور پر مربوط آگاہی مہم چلائی جانی چاہیے ۔عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر بنیادی، ثانوی اور اعلیٰ صحت کے اداروں کو مربوط نظام کا حصہ بنانے پر زور دیا ۔صدر مملکت نے قومی ذہنی صحت کی ہیلپ لائن کا ماڈل تیار کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔کنٹری ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت منصوبے کو شروع کرنے کے لیے 50 لاکھ روپے کی ابتدائی رقم فراہم کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ معاشرے میں ذہنی صحت کی بہتری کے لیے ایک پائیدار پروگرام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔شرکاء نے قومی سطح کی ذہنی صحت کی ہیلپ لائن کا ماڈل تیار کرنے میں صدر مملکت کی رہنمائی اور کمیٹی کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں