حافظ نعیم

اسٹیبلشمنٹ غیر سیاسی ہے تو ایم کیو ایم کے دھڑوں کو کون ملارہا ہے، حافظ نعیم

کراچی(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر سیاسی ہے تو زرداری ٹیسوری ڈاکٹرائن کون کررہا ہے، ایم کیو ایم کے دھڑوں کو کون ملارہا ہے؟۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو 2007 سے حکومت میں شامل ہیں تاہم آج تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، پیپلز پارٹی کے 11 وفاقی وزراء ہونے کے باوجود ایک فیصد پانی کا کوٹہ منظور نہیں کرواسکے۔حافظ نعیم نے سوال اْٹھایا کہ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ ہم غیر سیاسی ہے تو زرداری ٹیسوری ڈاکٹرائن کون کررہا ہے، ایم کیو ایم کے دھڑوں کو کون ملارہا ہے؟، یہ ڈاکٹرائن صرف کرپشن میں حصے داری کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پرفامنس کراچی کے عوام سے چھپی ہوئی نہیں، عباسی شہید سمیت سرکار کے تحت چلنے والے ہسپتال کچرا کنڈی کا ڈھیر بن چکے ہیں، سرکاری اسکولوں کی حالت اتنی اچھی ہے کہ کوئی وزیر اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں پڑھانا نہیں چاہتا، سندھ کا تعلیمی بجٹ 326 ارب روپے ہونے کے باوجود سرکاری اسکولوں کو اصطبل بنایا ہوا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا کو تمام حکومتی جماعتوں نے سرپرستی دی ہوئی ہے کوئی آواز اْٹھاتا ہے تو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، بلاول بھٹو بتائیں کہ کے الیکٹرک کا والد کون ہے؟۔حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروائے جائیں اور صاف شفاف الیکشن یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ زرداری ٹیسوری ڈاکٹرائن کے نتیجے میں الیکشن ملتوی کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ہم ہر صورت میں ان کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ 8 جنوری کو شاہراہ قائدین پر تاریخی جلسہ عام کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں