وزیراعظم شہباز شریف

گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں،حکومت آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی،وزیراعظم محمد شہبازشریف

اسلام آباد۔12جنوری(گلف آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں،ملک میں کسی کو گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے،حکومت غریب عوام کیلئے آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری یبان کے مطابق ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت ملک میں گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوری کے حوالے سے اعلی سطح کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، متعلقہ وفاقی اعلی حکام اور صوبائی چیف سیکٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

ملک میں کسی کو گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنائیں، صوبے گندم کی بروقت ترسیل کیلئے اپنی گورننس بہتر بنائیں۔ متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے آٹے اور گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔حکومت غریب عوام کیلئے آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ پانچ دن میں حکومت کے اقدامات کی بدولت آٹے کے 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریبا 1000 روپے کی کمی واقعہ ہوئی، جو خوش آئند ہے۔اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر کا جائزہ لیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور صوبوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ پاسکو کے ذخائر سے فلور ملز تک گندم کی ترسیل مزید تیز کی جائے، مزید برآں 1.3 ملین میٹر ٹن گندم درآمدی گندم کا سٹاک بھی ملک میں پہنچ گیا ہے جبکہ جنوری کے اختتام تک مزید اتنا ہی اسٹاک پہنچ جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال سیزن کے اختتام پر گندم کے کیری فارورڈ سٹاک 1.4 ملین میٹرک ٹن ہونگے جو کہ نیا سیزن شروع ہونے سے پہلے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے گندم کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کیا اور صوبوں کو ہدایت کی کہ گندم کی ترسیل کے حوالے سے اپنی گورننس بہتر کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں