پولیو مہم

سال کی پہلی ملک گیرانسداد پولیو مہم کا آغاز،کروڑوں بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی

لاہور /اسلام آباد /کراچی /پشاور /کوئٹہ ( گلف آن لائن) پاکستان کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے مشن کے تحت رواں سال کی پہلی ملک گیرانسداد پولیو مہم کا آغازہوگیا ،انسداد پولیو مہم 20 جنوری تک پنجاب، سندھ، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جاری رہے گی، اس دوران ملک بھر میں کروڑوں بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم 2مراحل میں چلائی جائے گی۔قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیز 16تا 20جنوری منعقد ہوگا جبکہ دوسرا فیز 23تا 29جنوری منعقد ہوگا۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے 2کروڑ 20لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

20جنوری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کیلئے84ہزار 500موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 2 لاکھ پولیو ورکرز خدمات سرانجام دیں گے۔محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق ہائی رسک اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں 100فیصد کوریج کو یقینی بنانے کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے بنیادی مرکز صحت اگوکی میں کمسن بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے اور وٹامن ڈی کے کیپسول دیکر مہم کا افتتاح کیا۔خیبرپختونخوا میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغازہوگیا، صوبے میں 28 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کیلئے 11ہزار 464ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔مہم کے دوران 20 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے،

جبکہ گزشتہ سال خیبرپختونخوا میں 20 پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔مہم کا دوسرا فیز کراچی اور حیدر آباد کے 16اضلاع میں ہوگا۔3روزہ پولیو مہم کے بعد 2روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے جس میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔ مہم میں 6تا 59ماہ کے بچوں کی وٹامن اے کی ویکسی نیشن بھی ہوگی، وٹامن اے کی ویکسی نیشن کا مقصد بچوں کی قوت مدافعت بہتر بنانا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم میں 3لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز شریک ہوں گے۔بلوچستان میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ۔

ای او سی سینٹر کے کوآرڈینیٹر زاہد شاہ نے بتایا کہانسدادِ پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔پولیو مہم میں 25لاکھ 99ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائیں گی، والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچائو کی ویکسین اورقطرے لازمی پلوائیں۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم میں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں