شیخ رشید احمد

الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر بلا بیٹھا دیا ہے’شیخ رشید احمد

لاہور ( نمائندہ خصوصی) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ متنازع شخص کی نگران وزیراعلی نامزدگی نا صرف الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان بلکہ ملک کے الیکشن کے تابوت میں بھی کیل ٹھونک دیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے دودھ کی رکھوالی پر بلا بیٹھا دیا ہے، یہ 13جماعتیں جو مرضی کر لیں عوام کے فیصلے کو روکنا پاکستان کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گھمبیر، سنگین، اقتصادی، معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے، ایسے موقع پر ایک ناپسندیدہ آدمی کو 60 فیصد آبادی والے صوبے کا نگران وزیراعلی بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اس ملک کے عوام کی توہین کر رہے ہیں، جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، ذلت اور رسوائی آپ کا مقدر ہے۔سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا راستہ روکنے کے لئے جو آپ یہ سارے قدم اٹھا رہے ہیں یہ آپ کے گلے پڑے گا، عوام کی فتح ہوگی، پاکستان اور اسلام کی فتح ہوگی، آپ نیست و نابود ہوں گے اور آپ کے تمام ارادے ناکام ہوں گے، پاکستان کی قوم آپ کو شکست دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں