ملک سیف الملوک کھوکھر

ملک سیف الملوک کھوکھرھر کو مسلم لیگ (ن)لاہور کا صدر مقرر کر دیا گیا

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کو ڈیڑھ سال بعد صدر مل گیا،سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کو مسلم لیگ (ن)لاہور کا صدر مقرر کر دیا گیا ۔وزیر داخلہ و مسلم لیگ (ن)ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے ملک سیف الملوک کھوکھر کے ضلعی صدر بننے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ پارٹی قائد نواز شریف نے وزیر اعظم و پارٹی صدر شہباز شریف کی مشاورت سے ملک سیف الملوک کھوکھر کو مسلم لیگ (ن)لاہور کا صدر نامزد کیا ہے۔یہ عہدہ 11اکتوبر2021ء کو مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر ملک پرویز کے انتقال کے باعث خالی ہوا تھا ۔

بتایا یا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن)کا اجلاس ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر کی نامزدگی بارے سفارشات تیار کی گئی تھیں ۔پارٹی کی چیف آرگنائزرمریم نواز سے بھی اس عہدے پر نامزدگی کے لئے رائے لی گئی تھی ۔مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور نائب صدر حمزہ شہباز نے سیف الملوک کھوکھر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پارٹی کا ضلعی صدر بننے پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کا فخر ہیں اور ہمیشہ پارٹی کیساتھ کھڑے رہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل دور میں کھوکھر برادران پارٹی کے ساتھ ہمیشہ ڈٹ کرکھڑے رہے، انشااللہ آپ مسلم لیگ (ن) کو لاہور میں مضبوط کریں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) لاہور کا صدر بننے پر آپ کو مبارکباد دیتا ہوں، آپ پارٹی کے باوفا ساتھی ہیں اور ان شا اللہ آپ بہترین اندازمیں بطور لاہور صدر کام کریں گے۔وفاقی وزیرداخلہ راناثنا اللہ نے بھی سیف الملوک کھوکھر کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی ۔رانا ثنااللہ نے امید ظاہر کی کہ آپ ان شا اللہ پارٹی کو بہترین اندازمیں منظم کریں گے،عمران خان کے دور میں کھوکھر برادران کو بدترین سیاسی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا گیا لیکن کھوکھر برادران پارٹی کیساتھ ڈٹ کرکھڑے رہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) لاہور سیف الملوک کھوکھر نے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز، نائب صدرحمزہ شہباز اور وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ کا ٹیلی فون پر مبارکباد دینے اور پارٹی قائد میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا مجھ پر اعتماد کرنے کا شکریہ اداکیا اور پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا شکرگزار ہوں جنہوں نے یہ ذمہ داری دی،لاہور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے پارٹی کی مضبوطی کے لیے دن رات کام کروں گا۔سیف الملوک کھوکھر کو مسلم لیگ (ن) لاہور کا صدر بننے پر جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،شائستہ پرویز ملک ،علی پرویز ملک ،سید توصیف شاہ ،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان ،سابق رکن اسمبلی عنیزہ فاطمہ سمیت دیگر نے بھی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں