عمران خان

عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس، سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے اعتراض پر بنچ تبدیل

اسلام آباد(گلف آن لائن)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کے باعث بنچ تبدیل کر دیا گیا۔سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 20 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار پر اعتراض اٹھا دیا جس کے بعد ٹرائل کورٹ کے عبوری حکم کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے والا بنچ تبدیل کر دیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل بنچ 9 فروری کو سماعت کرے گا۔سابق چیف جسٹس کی جانب سے درخواست میں کہا گیا تھا کہ جسٹس بابر ستار نے اخبارات میں آرٹیکلز لکھے، جس میں میرا نام لے کر جوڈیشل ایکٹوزم پر تنقید کی گئی، جسٹس بابر ستار کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں متعصب ہونے کے باعث بینچ سے علیحدگی اختیار کریں۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری پر 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سابق چیف جسٹس نے دھاندلی کے الزامات لگانے پر عمران خان کے خلاف 20 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں