کامران اکمل

بابر کے ساتھ اختلاف کی باتیں غلط ، ایسی کوئی بات نہیں ‘ کامران اکمل

کراچی(گلف آن لائن ) پاکستان جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور پشاور زلمی کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کامران اکمل نے اپنے کزن بابر اعظم کے ساتھ تعلقات پر کی جانے والی قیاس آرائیوں پر بات کی۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے لیے فرنچائز کے پہلے پریکٹس سیشن کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر لوگ یہ خیال کررہے ہیں کہ بابر کی کامیابی پر آپ کی کوئی ٹوئٹ نہیں آتی، آپ اس پر بات نہیں کرتے، تو کیا آپ لوگوں میں کوئی اختلاف ہے؟

جب کہ ابھی آپ لوگ اچھے سے پریکٹس سیشن میں حصہ لے رہے تھے۔کامران اکمل نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ایسی کوئی بات نہیں ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ جو میرے بھائی ہیں، میں ان کے متعلق کچھ نہ کہوں، چاہے وہ اچھا کریں یا برا، میں ان کی تعریف نہ کروں، میں چاہتا ہوں دنیا تعریف کرے، ان کی کارکردگی دنیا تک پہنچانے کے لیے آپ لوگ ہیں نا، آپ لوگ کریں گے تو دنیا کو زیادہ پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بابر میرا بھائی ہے، مجھے اس کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، میں نے کبھی اپنے سگے بھائیوں عمر اکمل اور عدنان اکمل کی بھی تعریف نہیں کی۔

کامران نے کہا کہ ان پر دبائو ہونا چاہیے کہ پرفارمنس دینی ہے، ان پر یہ تاثر نہ جائے کہ بھائی ہے تو یہ فائدہ ہے۔سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ بابر کی بیٹنگ بے شک اچھی ہے لیکن یہ میں اسے کہتا ہوں کہ کپتانی میں اب بھی بہتری کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں