عبدالرزاق

عبدالرزاق نے ایشیاکپ پاکستان کے بجائے دبئی میں کروانے کی حمایت کردی

کراچی(گلف آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل رائونڈر عبد الرزاق نے ایشیاکپ پاکستان بجائے کسی اور ملک میں کروانے کے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کی حمایت کردی۔سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ ایشیاکپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای)میں کروانا ایک بہترین آپشن ہے، اس سے کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ ویسے بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں محض آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی سے روکنے کے تصور سے متفق نہیں، البتہ میرے خیال میں دونوں بورڈز کو بیٹھ کر معاملے کا حل ڈھونڈنا چاہیے ۔قبل ازیں پاکستان اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سمیت اعلی حکام نے بحرین میں ملاقات کی تھی تاہم وینیو کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہ آسکا جبکہ بھارتی ٹیم کے ایشیاکپ کیلئے دورہ پاکستان پر بھی ڈیڈلاک برقرار رہا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی عہدیدار نے پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیاکپ 2023 میں اگر بھارت کی ٹیم نہیں کھیلتی تو کوئی اسپانسر نہیں ملے گا۔بی سی سی آئی کے عہدیدار نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، ایشیاکپ کو ہر صورت منتقل کرنا پڑے گا۔ کوہلی، روہت، شبمن گِل کے بغیر ٹورنامنٹ کو کوئی اسپانسر نہیں ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں