شاداب خان

آل رائونڈر شاداب خان کی شادی کی تقریبات شروع

لاہو ر(گلف آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان کے گزشتہ ماہ نکاح کرنے کے بعد ان کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں آج کل شادی کا سیزن چل رہا ہے، اس سے قبل حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی کی شادی شاہد آفریدی کی بیٹی سے ہوئی تھی، اس کے علاوہ حارث رئوف اور شان مسعود بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوچکے ہیں۔البتہ دو ہفتے قبل شاداب خان کا نکاح ثقلین مشتاق کی بیٹی کے ساتھ ہوا تھا اور اب ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے۔

فاسٹ بالر حسن علی کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر شاداب خان کی مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ویڈیو میں حسن علی کی اہلیہ سامیہ خان کو شاداب خان کے ہاتھ پر مہندی لگاتے اور ہار پہناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ دو ہفتے قبل شاداب خان نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ میں نکاح کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کا احترام کریں، آپ سب کے لیے دعائیں اور ڈھیر سارا پیار۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں ثقی بھائی (ثقلین مشتاق)کی فیملی کا حصہ بن گیا ہوں، جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تب سے میں اپنی نجی زندگی کو علیحدہ رکھنا چاہتا تھا، میرے اہل خانہ نے بھی اسی عمل کو ترجیح دی ہے، میری اہلیہ کی بھی یہی خواہش ہے، وہ چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی نجی ہی رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں