سندھ حکومت

سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی پرآگاہی سے متعلق تمام سرکاری ونجی جامعات میں الگ مضمون متعارف کروانے کافیصلہ کرلیا

کراچی( گلف آن لائن)سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی پرآگاہی سے متعلق تمام سرکاری ونجی جامعات میں الگ مضمون متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ سندھ کے وزیرجامعات،ماحولیات اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات اور تمام جامعات کے وی سیز کو موسمیاتی تبدیلی کے الگ مضمون پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام جامعات موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سے متعلق الگ مضمون متعارف کروائیں۔وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے سندھ زیادہ درجہ حرارت اور خشک سالی کا شکار ہونے لگا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے جامعات میں طلبہ کو بنیادی معلومات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور جامعات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مضمون پڑھانے سے انسانی صحت کے معیار کو بہتر کرنے میں مدد کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کی بدولت طلبہ و طالبات کو روزگار کے زیادہ موقع میسر بھی ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مضمون کی تعلیم سے سمندری آلودگی،صنعتی ویسٹ مینجمنٹ اور اسپتالوں کے ویسٹ ڈسچارج کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی،پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، جامعات میں طلبہ کو اس وقت اگر موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی نہ دی گئی تو آئندہ نسل کو مزید پریشانی کا سامنا ہوگا۔اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ صوبہ سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہو رہا ہے،عالمی برادری بھی اس وقت موسمیاتی تبدیلی کو دھرتی اور اس کے مکینوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکی ہے،موسمیاتی تبدیلی اور اس سے پیدا ہونیوالی ماحولیاتی آفات پاکستان کے لیے مستقل خطرہ رہیں گی، موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں غذائی پیداوار کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں