انوشکا شرما

انوشکا شرما کا ڈیبیو فلم ‘رب نے بنا دی جوڑی’ سے متعلق دلچسپ انکشاف

ممبئی (گلف آن لائن)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے فلمی کیریئر کی پہلی فلم ‘رب نے بنا دی جوڑی’ کے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا ہے۔انوشکا شرما نے نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز ‘دی رومینٹکس’ کی ایک قسط میں انکشاف کیا کہ آدتیہ چوپڑا نے ان سے اپنے ڈیبیو پروجیکٹ ‘رب نے بنا دی جوڑی’ کو ابتدائی طور پر والدین سے بھی چھپانے کو کہا تھا۔اْنہوں نے بتایا ہے کہ سب کچھ پوشیدہ تھا، کسی کو اس فلم کے بارے میں کچھ پتہ نہیں تھا اور آدتیہ نہیں چاہتے تھے کہ کسی کو پتہ چلے کہ اس فلم میں مرکزی کردار میں کون سی اداکارہ اسکرین پر نظر آنے والی ہے۔انوشکا نے مزید بتایا ہے کہ آدتیہ چوپڑا نے باقاعدہ مجھ سے کہا تھا کہ آپ کسی کو نہیں بتا سکتیں یہاں تک کہ آپ اپنے والدین کو بھی نہیں بتا سکتیں کہ آپ اس فلم کے مرکزی کرداد کے لیے کاسٹ ہوئی ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا ہے کہ آدتیہ چوپڑا کی یہ بات سن کر مجھے بہت عجیب لگا کہ والدین کو بھی نہ بتائوں کے فلم میں ہیروئین کا کردار مجھے ملا ہے۔واضح رہے کہ فلم ‘رب نے بنا دی جوڑی’ بھارتی فلم انڈسٹری کی نمایاں ترین فلموں میں سے ایک تھی، اس فلم میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔فلم کی کہانی سریندر ساہنی نامی ایک سادہ طبیعت کے آدمی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو تانی نامی ایک لڑکی سے محبت کرتا ہے، ان دونوں کی شادی حادثاتی طور پر ہو جاتی ہے اور پھر سریندر ساہنی شادی کے بعد اپنا حْلیہ مکمل طور پر بدل کر تانی کو متاثر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اس فلم کی کہانی کے ذریعے بنیادی طور پر ایک سادہ سا پیغام دیا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کا عام ہونا کوئی بری بات نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں