محمد بلیغ الرحمن

ٹیکس بارز آئندہ مالی سال 2023-24کے بجٹ کے لئے بہتر تجاویز دیں ‘ بلیغ الرحمن

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین صدر کی قیادت میں وفد نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی جس میں ٹیکس دہندگان،ٹیکس بارز کو درپیش مسائل اورمعاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں جنرل سیکرٹری چودھری قمرالزمان،سینئر نائب صدر زاحد عتیق چودھری،نائب صدر شہباز قادر،فنانس سیکرٹری رانا کاشف ولائت،نومنتخب صدر لاہور ٹیکس بار زاہد پرویز،سابق نائب صدر محمد نعیم شاہ،سابق فنانس سیکرٹری لاہور ٹیکس بار انیب اختر انصاری سمیت دیگر بھی شامل تھے ۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے ایجوکیشن پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ انقلابی پروگرام ہے جو سکولوں ،کالجز اوریونیورسٹیز تک پہنچنا چاہیے ،اس سے نوجوان ہمارے ٹیکس کلچر اور ٹیکس کی اہمیت کو جان سکیں گے،جہاں میری ضرورت ہے میں وہاں موجود ہوں گا۔انہوںنے کہا کہ ٹیکس بارز کی بجٹ تجاویز قابل ستائش ہوتی ہیں جو عوام دوست بجٹ بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں ۔ٹیکس بارز ٹیکس دہندگان اور محکمے کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہیںجس سے ٹیکس اہداف کوپورا کرنے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ٹیکس بارز آئندہ مالی سال 2023-24کے بجٹ کے لئے بہتر تجاویز دیں تاکہ براڈنگ آف ٹیکس بیس کو بڑھا کر ٹیکس دہندگان کی تعداد کروڑ کی حد پار کر سکے اور بجٹ کو عوام دوست بنایا جا سکے۔

اس موقع پر پاکستان ٹیکس بارز کی جانب سے موجودہ معاشی حالات اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کوبہتر بنانے ،ٹیکس دہندگان اور ٹیکس بارز کی مشکلات ،ایف بی آر میں اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وفد کو مسائل اور معاملات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مل کر مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا کیونکہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس بارزملک وقوم کی ترقی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں