ڈاکٹر جاوید اکرم

انسانی اعضاء کی خریدوفروخت کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں ‘ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (گلف آن لائن)نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کا بائیسواں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،سپیشل سیکرٹری سیدواجدعلی شاہ،چیئرمین بورڈآف گورنرزپی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹرسعیداختر،وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے ڈین پاکستان کڈنی اینڈلیورانسٹی ٹیوٹ پروفیسرڈاکٹرفیصل سعودڈاراور صدرآفتھلمولوجی سوسائٹی آف پاکستان پروفیسرڈاکٹرعبدالقیوم،سی ای او پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ڈاکٹرثاقب عزیز،پروفیسرڈاکٹرغیاث الدین نبی طیب،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسرڈاکٹرشہزادانور،

ڈاکٹراظہارچوہدری اور مانیٹرنگ اتھارٹی کے ممبران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی کارکردگی کومزیدبہتربنانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ اجلاس کے دوران پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے مجوزہ ایکٹ2023کاتفصیلی جائزہ لیاگیاہے اور پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کے آخری اجلاس کے تمام فیصلوں کی توثیق کردی گئی ہے۔نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ صوبہ بھرمیں انسانی اعضاء کی خریدوفروخت کے مکروہ کاروبارمیں ملوث عناصرکے خلاف گھیراتنگ کررہے ہیں۔انسانی اعضاء کی خریدوفروخت کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔چند روزقبل راولپنڈی میں انسانی اعضاء کی خرودوفروخت اورغیرقانونی کے مکروہ کاروبارمیں ملوث گروہ کوگرفتارکیاگیاہے۔

ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے ویجلنس سیل کو مزیدفعال بناناہوگا۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی صوبہ بھرمیں غیرقانونی طورپرپیوندکاری کرنے والے عناصرکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لارہی ہے۔پیوندکاری کے غیرقانونی کاروبارمیں ملوث عناصر کے خلاف تمام کیسزکی عدالتوں میں مکمل پیروی کریں گے۔پنجاب میں پیوندکاری کے غیرقانونی کاروبارمیں ملوث عناصرکے خلاف بھرپورمہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے مجوزہ ایکٹ 2023 میں غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث عناصرکوعمرقیداورکم سے کم سزادس سال قیدرکھی گئی ہے۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کوپیوندکاری کیلئے ہسپتالوں کی انسپکشن اوررجسٹریشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں