اسلام آباد ہائیکورٹ

جوڈیشل کمپلیکس پیشی: توہین عدالت کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا۔اسسٹنٹ کمشنر (شالیمار) اسلام آباد عبداللہ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ان کے وکیل راجا رضوان عباسی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو حکم دیا تھا کہ وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ کریں، پولیس نے اِس عدالتی حکم کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کر رکھے تھے تاہم اس حکم کی تعمیل نہیں کی گئی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پتھراؤ کیا جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 17 مارچ کے حکم نامے کی تعمیل نہیں کی اس لیے انہیں طلب کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

عدالت نے اِس کیس کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری والی فائل کی گمشدگی کے کیس کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیا اور جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے دوران عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر عمران خان کو نوٹس جاری کرکے 7 اپریل تک جواب طلب کر لیا۔بعدازاں عدالت نے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق اسلام آباد انتظامیہ اور آئی جی سے معاملے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں