سفیر مسعود خان

پاکستان کا سفر امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے: سفیر مسعود خان

واشنگٹن (گلف آن لائن)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم کے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سفر امن، سلامتی اور خوشحالی کا سفر ہے،ہم نے پاکستان کے قیام کے بعد سے ایک طویل اور مشکل جدوجہد کی ہے،ہم پرعزم اور مضبوط قوم ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ ہم اپنے روشن مستقبل کی طرف اپنی پیش قدمی جاری رکھیں گے۔گزشتہ روز یہاں سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر غیر ملکی مہمانوں، سفراء ، سفارت کاروں، امریکی حکومت کے حکام، غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں پر مشتمل ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیرپاکستان مسعود خان نے بانیانِ پاکستان ایک علیحدہ ریاست کے حصول کے لئے کی جانے والی بے مثال تگ و دو پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور حصول پاکستان کو معجزہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ایک دن وہ بھی حق خود ارادیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

ہمارے دل ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونے پر سفیر پاکستان نے امریکی حکومت اور امریکہ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات مضبوط ہیں اور یہ باہمی اور دوستی کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات ہماری عوام کے لیے ایک پائیدار میراث ہے۔ ہم اس کی قدر کرتے ہیں، اور ہم اس کو مزید پروان چڑھائیں گے۔ پاک امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور اعلیٰ سطحی تبادلوں خصوصاً توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ڈائیلاگ پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان امریکہ تعلقات کا مستقبل روشن ہے،ہم اس رشتے کو مزید مضبوط اور اپنے لوگوں کے لیے زیادہ فائدہ مند بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔امریکی دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈیفنا رینڈ نے امریکی وزیر خارجہ کی نمائندگی کرتے ہوئے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج یہاں اپنے تعلقات اور اپنی دوستی کی طویل تاریخ کا جشن منانے کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ہم نے اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی اور ہمارے تعلقات کی وسعت آج اس موقع پر نظر آ رہی ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر ڈفنا نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابوں، سیلاب زدگان کی مدد کے لئے جنیوا میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس اور کوویڈ کے چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کلائیمیٹ سمارٹ ایگریکلچر کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور معاشی ترقی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستانیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری دونوں حکومتیں اپنے اتحاد کو مزید مضبوط بنانے اور گرین الائنس کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کرتی ہیں۔ ڈاکٹر ڈیفنا نے کہا کہ ہم مل کر کام کرتے رہیں گے۔

ہم اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کس طرح ہم نجی شعبے کو عوامی سفارت کاری، تکنیکی تعاون، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، برآمدات، درآمدات اور تجارت جیسے شعبوں میں مؤثر طریقے سے لا سکتے ہیں۔ ہم اس اتحاد کی حمایت کے لیے پوری امریکی حکومت کو متحرک کریں گے۔لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے امریکہ کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا بھر میں لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور اس کے فروغ کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے امریکہ میں متحرک پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ملکوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گراں قدر خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

سفیر پاکستان نے اس امر کو اجاگر کیا کہ اس وقت 14 منتخب پاکستانی نڑاد امریکی اپنے حلقوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ سلیمان لالانی، فاروق مغل، علی راشد اور دیگر پاکستانی نڑاد رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ہر پاکستانی نڑاد امریکی کی کامیابی قوم کا سر فخر سے بلند کرتی ہے۔آپ کی کامیابی ہماری کامیابی ہے۔ آپ کی کامیابی پاکستان اور امریکہ کی کامیابی ہے۔ آپ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مسعود خان نے یوم پاکستان کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے اور پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی کی خدمات کا ادراک کرنے پر امریکی ایوان نمائندگان اور ریاستی اسمبلیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں