جاوید قصوری

عمران خان کے خدشات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کی ضرورت ہے’ جاوید قصوری

لاہور (گلف آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چیئر مین تحریک انصاف کے خدشات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کی ضرورت ہے،ملک میں سیاسی تنائو اور پر تشدد طرز عمل تشویشناک ہے اس سے ملک و قوم کو نقصان ہو گا،اقتدار کی خاطر لڑی جانے والی جنگ پاکستان کے مستقبل کو تاریک کر سکتی ہے ، تمام اسٹیک ہولڈر ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر قوم کے لئے سوچیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات آ ئینی دائر ہ کار میں رہتے ہوئے ہونے چاہییں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان غیر آئینی و غیر قانونی ہے ۔قوم سوال پوچھتی ہے کہ اگر زلزلہ کے باوجود ترکیہ میں انتخابات ہو سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن تک نہیں لے کر جایا جانا چاہئے۔انتخابات میں تاخیر کر کے پی ڈی ایم کی حکومت آئین سے انحراف کر رہی ہے ۔ ظالم حکمرانوں نے اپنے وقتی مفادات کی خاطر آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے ۔

ملک میں جاری افراتفری ، انتشار اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات میں اضافے کی بنا پر غیر سیاسی قوتوں کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن بدن عوام کی زندگی مشکل سے مشکل ترین ہوتی چلی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام کے جذبات کو بری طرح مجروع کیا ہے ۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ حکومت کی کارکردگی سے عوام کے ساتھ ساتھ اتحادی بھی بدظن دکھائی دیتے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی تبدیلی کا بھی پول کھل چکا ہے ۔نام نہاد اتحادی حکومت نے ملک و قوم کو سنگین بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے۔ تینوں جماعتیں ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ر ہی ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں