خرم دستگیر خان

اچھے تعلیمی ادارے تعفن زدہ معاشرے میں امید کی کرن ہوتے ہیں، طلباکی تعمیری اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیرخرم دستگیرخان

گوجرانوالہ(گلف آن لائن)وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اچھے تعلیمی ادارے تعفن زدہ معاشرے میں امید کی کرن ہوا کرتے ہیں، گیپکو گرائمر سکول گوجرانوالہ مایہ ناز تعلیمی ادارہ ہے۔وفاقی وزیرنے ان خیالات کا اظہار گیپکو گرائمر سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔تقریب سے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب، پرنسپل سکول ملیحہ یعقوب، واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈمنسٹریشن جلیل الرحمن، مینجر ایچ آر غلام غوث، ذیشان ستار، ڈپٹی مینجر ایچ آر محمد اظہر طور، گیپکو افسران و ملازمین، اساتذہ،یونین عہدیدران،طلبہ اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود گیپکو گرائمر سکول گوجرانوالہ نے مختصر عرصے میں اپنے طلبا و طالبات کی جس طرح سے بہترین تربیت کی ہے اور ان میں خود اعتمادی کیساتھ ساتھ تعمیری اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے اْس کیلئے گیپکو انتظامیہ اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ اپنے طلباء کی علمی عظمت، استقامت اور کامیابی کا جشن مناسکیں، میں واقعی گیپکو گرائمر سکول کے طلبا و طالبات کی کامیابیوں پر حیران ہوں جنہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ لگن، محنت اور مثبت رویہ کے ساتھ کچھ بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کرنہایت خوشی ہے کہ اس سال بھی سکول کا نتیجہ سو فیصدرہاہے جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ سکول میں بچوں کو نہایت محنت سے جدید ٹیچنگ کے اصولوں کے مطابق تعلیم دی جارہی ہے اور اس کیلئے ہمارے پاس نہایت محنتی، تجربہ کار اور کوالیفائیڈ اساتذہ کرام کی ٹیم موجود ہے جو طلبہ کے معیار تعلیم کر بڑھانے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔

سکول کی ہیڈ مسٹریس ملیحہ یعقوب نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہم طلبہ و طالبات کے معیار تعلیم کر بڑھانے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں اور ہمارے ہاں طلبہ و طالبات کی فکری و ذہنی اور اخلاقی تربیت کا باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ طلبا و طالبات کو تعلیم اور تربیت کے ساتھ ساتھ بہترین کونسلینگ کر کے انہیں اس قابل بنایا جائے کہ وہ اپنے کردار اور عمل سے اس معاشرے میں تعمیر اور ترقی کے ساتھ دوسروں کیلئے مشعل راہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں