نادر علی

معروف یوٹیوبر نادر علی کی یوٹیوب آمدنی کا راز فاش کردیاگیا

کراچی(گلف آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے معروف یوٹیوبر نادر علی کی یوٹیوب آمدنی کا راز فاش کردیا۔مشہور پرینک شو P4Pakao سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے نادر علی نے حال ہی میں شعیب اختر کے شو میں شرکت کی جس میں میزبان شعیب اختر نے نادر علی کی یوٹیوب آمدنی کا راز فاش کرتے ہوئے کہا کہ آپ یوٹیوب سے ماہانہ 6 سے 7 کروڑ روپے کما رہے ہیں ہم نے اس حوالے سے تحقیق کی ہے۔

شعیب اختر نے نادر علی سے سوال کیا کہ اب جبکہ آپ یوٹیوب سے اچھی کمائی کرتے ہیں تو لوگوں کو بھی اچھا یوٹیوبر بننے کے لیے کوئی مشورہ دیں۔شعیب اختر کی جانب سے اپنی آمدنی کے انکشاف پر نادر علی نے حیران ہوتے ہوئے کہا کہ چھ سات کروڑ افغانی؟ جس پر شعیب اختر نے انہیں بتایا کہ اب تو افغانی کرنسی بھی ہم سے مضبوط ہوچکی ہے۔نادر علی نے شعیب اختر سے کہا کہ وہ اتنی رقم نہ بتائیں کہ ایف بی آر والے پیچھے لگ جائیں لیکن اعتراف کیا کہ آپ آن لائن بہت اچھی آمدن حاصل کرسکتے ہیں،

یوٹیوب بہت اچھی کمائی فراہم کرتا ہے اور بعض اوقات 6 سے 7 کروڑ سے بھی زیادہ کمایا جاسکتا ہے۔نادر علی نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا یوٹیوبر بننے کیلئے مستقل مزاجی بہت ضروری ہے اور یہی کامیابی کی کنجی ہے، بس محنت کرتے رہیں، کم ویوز پر مایوس نہ ہوں اور آگے بڑھتے رہیں، کونٹینٹ پر کام کریں، جو عوام دیکھنا چاہتی ہے وہ دکھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں