لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ خلقِ خدا کی خدمت بالخصوص دکھی انسانیت کے کام آنے سے بڑی کوئی اور عبادت نہیں،صاحب ثروت افرا د ہمیشہ اس شعبے میں پیش پیش رہے ہیں اور انہوں نے دل کھول کر مریضوں کی خدمت کے لئے ہسپتالوں سے تعاون کیا ہے جس پر ہم اُن سے تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کا مالی تعاون علاج معالجے کی سہولیات میں اضافہ کیلئے نیک شگون ہے جسے ہر حال میں فروغ ملنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفرنے انجمن تاجران بیڈن روڈ کی جانب سے جنرل ہسپتال شعبہ یورالوجی کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرز،نرسز اور مریضوں کے استعمال کے لئے اعلیٰ کوالٹی کا لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا پروفیسر خضر حیات گوندل کو عطیہ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹرز اور مخیر کاروباری شخصیات ملک منیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔



