اشرف بھٹی

آل پاکستان انجمن تاجران کا پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

لاہور(گلف آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا ، مختلف مدوں میں بجلی اور گیس کے ٹیرف میں اضافے کے بعد پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے طبقات زندہ درگور ہو جائیں گے ، بے پناہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ امسال عید الفطر پر خریداری کے رجحان میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو پورا کرتے کرتے عوام کی نبض ڈوبنا شروع ہو گئی ہے ۔ رواں ماہ میں گیس کی قیمتوں میں 112فیصد تک اضافہ کیا گیا جبکہ اسی طرح بجلی کی قیمتیں بھی بڑھائی گئی ہیں ،اس کے تسلسل میں پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھاکر عوام پر مزید بوجھ لادھ دیا گیا جس سے ان کے لئے دو وقت کی روٹی کو پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کی قوت خرید نہیں ہو گی تو اس کے کاروبار بھی منفی اثرات ہوتے ہیں ۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال عید الفطر پر خریداری کے رجحان میں مزید کمی ہوئی ہے اور تاجروں نے جو پیشگی آرڈرز تیار کرائے ہیں ا ن کی ادائیگیاں کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات کے ساتھ متبادل حکمت عملی پر بھی کام کرے تاکہ قرضوں سے چھٹکارا مل سکے اور عوام کو بھی سکھ کا سانس آ سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں