آمنہ ٹوانہ

آمنہ ٹوانہ کا پروفیشنل گولفر بننے کا عزم

لاہور (گلف آن لائن) نوجوان گولفر آمنہ ٹوانہ نے کہا ہے کہ میرا ہدف پروفیشنل گولفر بننا ہے جس کے لیے محنت کر رہی ہوں، یہ ایک مشکل ہدف ہے لیکن ایک دن ضرور پروفیشنل گولفر بنوں گی۔لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی ضرورت ہے تاکہ کم عمر میں کوچنگ شروع ہو۔آنکھ کھولتے ہی ماں باپ کو گولف کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، میری والدہ مجھے اپنے ساتھ گولف کورس لے کر جاتی تھیں اور پھر میں بھی گولف کی شوقین ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نیشنل امیچر گولف چمپئن شپ میں گزشتہ برس بھی حصہ لے چکی ہوں، ملکی سطح کے کئی ایونٹس کے علاوہ امریکہ اور ملائیشیا میں بھی کھیل چکی ہوں کیونکہ مجھے پروفیشنل گولفر بننے کے لیے بہت محنت کرنی ہے۔آمنہ ٹوانہ نے کہا کہ مقابلے زیادہ سے زیادہ ہونے چاہئیں ،اس کے علاوہ کوچنگ انسٹیٹیوٹ ہونا چاہیے تاکہ کم عمر میں ہی گولفرز کو سیکھنے کا ایک پلیٹ فارم ملے، اس سے کھیل میں بہتری آئے گی اور اچھے کھلاڑی اوپر آئیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان امیچر گولف چمپئن شپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے اور خواتین ایونٹ میں آمنہ ٹوانہ بھی شریک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں