شعبہ نرسنگ سے وابستہ خواتین معاشرے میں امتیازی مقام کی حامل ہوتی ہیں ‘پروفیسر الفرید ظفر

لاہور ( گلف آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ شعبہ نرسنگ سے وابستہ خواتین معاشرے میں امتیازی مقام کی حامل ہوتی ہیں کیونکہ یہ پروفیشن اپنے آغاز سے ہی انہیں دکھی انسانیت کی خدمت کی عملی تعلیم وتربیت دیتا ہے اور نرسنگ کالج اس منزل کو پانے کیلئے ایک روشن راستے کی طرح ہے جو انہیں اپنی منزل کی نشاندہی کرتا ہے،یہ راستہ ایثار اور قربانی کا جذبہ رکھنے والی بچیوں کو اختیار کرنا چاہیے کیونکہ عملی زندگی میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران بہت سے چیلنجز کا سامنا اور کٹھن حالات کے باوجود دکھی انسانیت کی خدمت کا سفر جاری رکھنا پڑتا ہے ۔

اس امر کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے نرسنگ کالج اے ایم سی و لاہور جنرل ہسپتال تعینات مسز میمونہ ستار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اپنی تعیناتی کے بعد پرنسپل آفس میں اُن سے ملاقات کی اور نرسنگ کالج اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم ، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق ، نرسنگ انسٹرکٹرز،ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ایل جی ایچ میں انہیں مریض دوست ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے بنائی گئی پالیسی اور اقدامات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مسز میمونہ ستار کو کالج میں نظم و ضبط اور ڈسپلن کو اولین ترجیح دینا ہوگی تاکہ طالبات بہترین ماحول میں اپنی نرسنگ کی تعلیم حاصل کر سکیں اور وہ طالبات جو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں ڈیوٹی سر انجام دیتی ہیں اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے سکیں ۔

پرنسپل پی جی ایم آئی کا مزید کہنا تھا کہ اپنی ضروریات اور ترجیحات کو بالائے طاق رکھ کر مریضوں کو سر فہرست رکھنا نرسنگ کے پیشے کا اولین اصول ہے اور ایمرجنسی صورتحال میں نرسز و طالبات ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ اپنی نیند اور کھانے پینے کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی جان بچانے کے مشن کو ہی اپنا اولین مقصد سمجھتی ہیں اور انہیںا س کی تکمیل پر جو روحانی سکون میسر آتا ہے اُس کا موازنہ روپے یا پیسے سے نہیں کیا جا سکتا ۔

مسزمیمونہ ستا ر نے پرنسپل پی جی ایم آئی کو یقین دلایا کہ وہ ہسپتال کے واضح کردہ ایس او پیز پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گی اور کالج میں بچیوں کے لئے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے مثالی ماحول بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لے کر اپنے آپ کو ذہنی و جسمانی طور پر چاک و چوبند رکھ سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ طالبات کو مریضوں کے ساتھ خوش آخلاقی سے پیش آنے ، سینئر ز کی عزت ، ریکارڈ کیپنگ،کے بارے میں بھی لیکچر زیقینی بنائیں گے تاکہ مستقبل کی نرسنگ کمیونٹی بہتر سے بہتر انداز میں مریضوں کی خدمت اور ڈاکٹرز کمیونٹی کا ساتھ دے سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں