انسداد پولیو مہم

پنجاب کے12 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز15مئی سے ہوگا

لاہور ( گلف آن لائن)پنجاب کے12 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز15مئی سے ہوگا، لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم سات روز جاری رہے گی جبکہ دیگرنواضلاع بھکر، لیہ، ڈی جی خان،میانوالی، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، راجن پور اور شیخوپورہ میں مہم کا دورانیہ پانچ روز ہوگا، پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑآٹھ لاکھ 50ہزاربچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،84ہزارسے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں جمعہ کے روز منعقد ہوا جس میں پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے اور مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے مائیکرو پلانز بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو ملکرقومی جذبے کیساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو ہیومن ریسورس ماڈل کا ازسر نو جائزہ لینے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان نے نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ محکمہ صحت کے حکام اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں