ڈاکٹر جاوید اکرم

حکومت نرسوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی’ڈاکٹرجاویداکرم

لاہور (گلف آن لائن)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں نرسنگ کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے بورڈ آف اسٹڈیز کا بتیسواں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل سیکرٹری ہیڈکوارٹر اشفاق الرحمن، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، ڈی جی نرسنگ ڈاکٹر منزہ چیمہ، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، نرسوں کی کثیر تعداد اور ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام نرسنگ کالجزکی پرنسپلز نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نرسنگ کے شعبہ میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

میرا خواب ہے کہ کوئی نرسنگ کیڈرکی خاتون بھی وائس چانسلر بنے۔ نرس کسی بھی ہسپتال میں مریض کے بہتر علاج کی علامت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نرسنگ کے شعبہ کو میڈیکل پروفیشن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔اللہ پاک نے ہمیں بطور ایک ڈاکٹر اور نرس مریضوں کی خدمت کا موقع دیا ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزیدکہاکہ سرکاری ہسپتالوں کی نرسوں کیلئے بین الاقوامی سطح کے تربیتی پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ حکومت نرسوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ نرسوں کو اپنی کمیونیکیشن سکلز کو بہتر کرنا ہوگا۔نگران صوبائی وزیر صحت نے اہم موضوع پر اجلاس کے انعقاد پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو شاباش دی۔

سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ بہت تاریخی لمحات ہیں جب ہم نرسنگ کے شعبہ میں اصلاحات کی بات کر رہے ہیں۔ہسپتالوں میں نرسوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ نرسوں کے سروس اور سیلری سٹرکچر میں بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے آج نرسنگ شعبہ میں بہتری کیلئے ایک منزل کا تعین کیا ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کہاکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں نرسوں کیلئے جدید کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں