زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا ایک اور اعزاز

مکوآنہ ( گلف آن لائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا ایک اور اعزاز۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی قومی زرعی تعلیم الحاق کونسل کی جانب سے کلیہ زراعت کے سات شعبہ جات/سنٹر کو اعلیٰ اور منفردکارکردگی دکھانے پر معتبر اعزاز ڈبلیو کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شعبہ جات بشمول ایگرانومی ،انٹومالوجی ،پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس،پلانٹ پتھالوجی،ہارٹیکلچر،سوائل سائنس اور مرکز برائے زرعی بائیوکیمسٹری و بائیوٹیکنالوجی نے ڈبلیو کیٹگری حاصل کیاہے۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور ،شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ معیاری تعلیم اور مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات کا عمل بھر پور توانائیوں کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے ترقی کی مزید منازل طے کریں گے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کو علم و تحقیق کی روشنی میں حل کرنے یونیورسٹی اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔

ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ کو بہترین تعلیمی و تحقیقی ماحول اور ٹھوس تحقیقات کی وجہ سے نا صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر عزت و تکریم کی نظر سے دیکھا جا تا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی گندم،کپاس ،سویا بین سمیت دیگر اجناس کی زیادہ پیداواریت اور قوت مدافعت کی حامل نئی اقسام متعارف کروا رہی ہے جس سے نا صرف فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی معاشی حالت میں بھی بہتری لانے میں مدد ملے گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں