جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال:تزئین و آرائش و مرمت کیلئے پنجاب حکومت کا 61.983ملین فنڈز کا اجرا، کام شروع

لاہور(زاہد انجم سے) محکمہ صحت حکومت پنجاب نے لاہور جنرل ہسپتال کی تزئین و آرائش اورمختلف مرمتی کاموں کیلئے 61.983 ملین روپے جاری کر دیے ہیں،یہ فنڈز ہسپتال کے فیز1سے فیز 3تک کے وارڈز،او پی ڈی، دفاتر اور آپریشن تھیٹرز کے رنگ و روغن، 80پبلک واش رومز کی مرمت اور 6ڈکٹوں کی صفائی پر خرچ ہوں گے جبکہ ان ترقیاتی کاموں کا بلا تاخیر آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر ریاض حفیظ، ڈاکٹر جاوید ممتاز، ظفر مختار کے علاوہ دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پرنسپل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مذکورہ ترقیاتی و تعمیراتی کام محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سپرد کر دیے گئے ہیں تاکہ قوانین و ضوابط کے مطابق یہ تمام کام شفاف طریقے سے سر انجام دیا جا سکے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے اس امر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کومریضوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرناہماری اولین ترجیح ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی جبکہ اس کام کی تکمیل کے لئے 15جون2023تک ڈیڈ لائن مقررکی گئی ہے تاکہ رواں مالی سال میں فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ترقیاتی کاموں کے مکمل ہونے سے مریضوں،تیمارداروں اور میڈیکل سٹاف کو مزید صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے کے علاوہ دیگر سہولیات بھی میسر آئیں گی جس سے اُن کے کام کا معیار بہتر ہوگا۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ہر وارڈ کے رجسٹرار کی یہ ذمہ دار ہو گی کہ وہ معیاری کاموں کے مکمل ہونے اور اُن تصدیق کے لئے تسلی بخش سرٹیفکیٹ جاری کرے تاکہ تزئین و آرائش اور مرمت کے کا م کو یقینی بنا یا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ معیار اور کفائیت شعاری کے ساتھ ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ایم ایس سمیت تمام انتظامی ڈاکٹرز اس امر کو یقینی بنائیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ہسپتال انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ 61.983 ملین کے خطیر فنڈز سے شروع کیے جانے والے منصوبے کی خصوصی مانیٹرنگ کریں تاکہ تمام کام بروقت مکمل ہو سکیں۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں