سمارٹ کلاس روم پروجیکٹ ،ایچ ای سی میں تربیت کا انعقاد

اسلام آباد (گلف آن لائن)چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کے تحت ایک تعلیمی پروگرام اسمارٹ کلاس روم پروجیکٹ کی تربیت ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔گوادر پرو کے مطابق چین کی طرف سے مالی اعانت سے چلنے والے اس منصوبے کا مقصد اساتذہ کو کلاس روم میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا اور تربیت کے ذریعے طلبہ کے سیکھنے کے عمل کو بڑھانا ہے۔

آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن( اے پی سی ای اے ) نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں سمارٹ ایجوکیشن کی جانب ایک امید افزا قدم ہے۔ گوادر پرو کے مطابق سی پیک کے تحت شروع کیا گیا سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ، معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے روایتی تدریسی طریقوں کو عصری طریقوں میں تبدیل کرنے پر مرکوز ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چین کے تعاون سے پاکستان بھر کی 50 یونیورسٹیوں میں تقریباً 100 سمارٹ کلاس رومز بنائے جا رہے ہیں۔

مثال کے طور پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایسے دو کلاس رومز قائم کیے گئے ہیں، ایک مین کیمپس میں اور دوسرا ملتان ریجنل کیمپس میں۔ گوادر پرو کے مطابق سمارٹ کلاس رومز طلباء اور اساتذہ کے درمیان بہتر تعامل کے ساتھ آف لائن اور آن لائن کلاسز کی پیشکش کر کے پاکستان کے تعلیمی نظام میں نئی جان ڈال رہے ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق جدید چینی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی بدولت دور دراز علاقوں کے طلباء اب ان اساتذہ سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں جو ان سے بہت دور رہتے ہیں۔ اسمارٹ کلاس رومز کا منصوبہ ستمبر 2021 میں شروع کیا گیا تھا اور اس وقت ملک میں فروغ پا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں