جاوید لطیف

9مئی کو شرپسندی کیلئے بیرونی سازش کے ثبوت موجود ،بااثر پی ٹی آئی خواتین کے بیرون رابطوں کا مکمل علم ہے’جاوید لطیف

لاہور ( گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 9مئی کو شرپسندی کے لئے بیرونی سازش کے ثبوت موجود ہیں، ریاستی اداروں کو پی ٹی آئی کی بااثر خواتین کے بیرون رابطوں کا مکمل علم ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا لیکن انہیں سازش کے تحت تاحیات نااہل کیا گیا،مختلف ممالک سے ملزم کو بچانے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں،جب نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو کیا کسی نے آواز اٹھائی،آئندہ شرپسندی کے واقعات سے بچنے کیلئے 9،10مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا،

ان واقعات میں ملوث کرداروں کو اگر قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو مستقبل میں اس سے بڑا سانحہ ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180ایچ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔جاوید لطیف نے کہا کہ ان دنوں جو آوازیں سنائی دی جا رہی ہیں کہ ملزم کو بچایا جائے لیکن اب مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا تاکہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

سی پیک کا تحفہ دینے والے محمد نوازشریف کے لئے کیوں بیرون ملک سے کوئی خط نہیں آیا ، نوازشریف کو پاکستان کو ترقی کی پٹڑی پر چڑھانے کی وجہ سے ہٹایا گیا جبکہ عمران خان کو ملکی ترقی کا پہیہ روکنے کی وجہ سے اقتدار سے الگ کیا گیا لہٰذا محمد نوازشریف اور عمران خان کے درمیان موازنہ نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں سے بات چل رہی ہے ، نو مئی کا واقعہ اندرونی سازش تھی یا بیرونی تھی تو پتہ ہونا چاہئے کہ یہ واقعات اندرونی سازش بھی تھی اور بیرونی سازش بھی۔

پاکستان کے ریاستی اداروں کے پاس بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں اورپوری منصوبہ بندی کی گئی کہ عمران خان کی گرفتاری پر کن تنصیبات کو ٹارگٹ کیا جائے گا ۔اگرممنوعہ فنڈنگ کیس پایا تکمیل تک پہنچتا تو 9مئی کا سانحہ نہ پیش آتا۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ کوئی بتائے گا کہ 35بااثر خواتین کس طرح ہجوم کو لیکر پہنچیں،ریاستی ادروں کے علم ہے کہ تیس سے پینتیس بااثر خواتین زمان پارک سے وہاں گئیں ،کسی خاتون کے ساتھ بھی بدسلوکی جرم ہے لیکن کوئی عورت دہشت گردی کرے تو کیا سزا نہ دیں؟جو کہتے ہیں انسانی حقوق کی آڑ میں چھوڑ دیا جائے انہیںیہ حقوق تب کیوں یاد نہیں آئے جب خواتین کو جیل میں رکھ کر کیمرے لگائے جاتے تھے ،جب کسی کی ماں بیٹی کو موت کی چکی میں رکھا جاتا تھا،کیا خواتین کوئی جرم کریں تو اس کو سزا نہیں ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو بھی آڈیو کی تحقیقات سے بچنے کی سہولت دی گئی۔اگر سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو ہاتھ نہیں ڈالا جا سکتا تو حاضر سروس کے لیے کیا پیمانہ ہے۔آج تو سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی آڈیو آئے اس پر وقت کے قاضی تحفظ دیتے ہیں۔آج مختلف آڈیو پر یقین نہیں مگر ملک قیوم کی آڈیو پر یقین کر لیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اب مجرم کو بچانے کے لئے بیرونی ممالک سے آوازیں اٹھ رہی ہیں،ان ممالک سے پوچھا جانا چاہیے یہ بات کیوں کر رہے اور عمران خان کے حق میں خطوط لکھنے والوں کا اسرائیل اور جمائما سے کیا تعلق ہے، کیا کبھی سی پیک کا تحفہ دینے والے قائد کے لئے بھی خط آیا،جب نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو کیا کسی نے آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس قومی سانحہ تھا،ہمیشہ سے ریاست پر لوگ قربان ہوتے آئے ہیں،آج پوچھا جانا چاہیے نو ،دس مئی کے مرکزی کردار پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جا رہا ۔اگر نو دس مئی کے کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تو 2017کے کردار خود ختم ہو جائے گے۔جاوید لطیف نے کہا کہ جو عمران خان کو مائنس کرنے کا موازنہ نواز شریف سے کرتے ہیں وہ غلط ہیں ،نواز شریف کو ملک کی ترقی کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا ۔ریاست پر ہزاروں حکومتیں قربان ریاست ہو ں گی تو حکومت ہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیے تاہم اگر کوئی دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں