وزیر اعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ریلوے مین لائن ون (MLـ1) پر ترجیحی بنیادوں پر اپ گریڈیشن پر کام کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ریلوے مین لائن ون (MLـ1) پر ترجیحی بنیادوں پر اپ گریڈیشن پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مستقبل میں اپنے ریلوے نظام اور بندرگاہوں کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک کیلئے اہم تجارتی رہداریاں فراہم کرے گا۔ منگل کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز میں اصلاحات اور مین لائن ون کی اپ گریڈیشن پر جائزہ اجلاس منعقد ہوااجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سید نوید قمر، خواجہ سعد رفیق اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ریلوے میں جاری اصلاحات اور ڈیجیٹلائیزیشن کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس تباہ کن سیلاب کے بعد ریلوے نے ہنگامی بنیادوں پر اپنے آپریشنز کو بحال کیا،اس وقت ریلوے کی ڈیجٹلائیزیشن پر کام جاری ہے،اسکے علاوہ ریلوے ٹکٹنگ کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجٹلائیز کر دیا گیا ہے۔اجلاس کو مین لائن ون (MLـ1) اپ گیرڈیشن منصوبے پر پیش رفت بالخصوص منصوبے کے مختلف آپشنز اور مراحل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ریلوے مین لائن ون (MLـ1) پاکستان ریلوے کے نظام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان مستقبل میں اپنے ریلوے نظام اور بندرگاہوں کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک کیلئے اہم تجارتی رہداریاں فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی بحالی کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،مسلم لیگ ن کے دور میں بنائی گئی موٹرویز، پبلک ٹرانسپورٹ، صحت و تعلیم کے منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان ریلویز کی ٹیم کی سیلاب کے بعد اپنے آپریشنز کی فوری بحالی کیلئے کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں