'ڈاکٹر جاوید اکرم

عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے نظام کو بہتر کرنا ہوگا’ ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (گلف آن لائن)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے چلڈرن ہسپتال میں ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ٹیپو سلطان، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

طلباو طالبات نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے سائنسی نمائش کے مختلف سٹالز لگائے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے حوالے سے آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انسانی جسم میں خون کے بہاؤ کی بنیادی اہمیت ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز بنانے کا بنیادی مقصد ہی بچوں کی بیماریوں بارے ریسرچ کرنا ہے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔

یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو کیو ایس رینکنگ میں لائیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام بلڈ بنکس کے حالات بہتر کرنے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان اگلے بیس سال بعد آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں اداروں کی کامیابی قوانین کی پاسداری میں مضمر ہے۔

بہت جلد صوبہ بھر میں ریفرل سسٹم میں اصلاحات لائیں گے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ یوکے میں اس وقت انتالیس فیصد بلڈ ڈونرز ہیں۔ پاکستان میں محفوظ خون کی ترسیل کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا اپنا موبائل بلڈ بنک ہونا چاہئے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے نظام کو بہتر کرنا ہوگا۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباو طالبات کو معاشرے میں خون عطیہ کرنے کے فوائد بارے آگاہی پھیلانی چاہئے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ کوئی نرس بھی وائس چانسلر بنے۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب کے انعقاد پر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور سائنسی نمائش کے حوالے سے اچھے سٹالز لگانے والے طلباوطالبات میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے تقریب میں آمد پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں