وزیر دفاع

وزیر دفاع نے بجٹ تقریر میں اساتذہ کے حوالے سے ادا کئے گئے الفاظ پر معذرت کرلی، الفاظ ایوان کی کارروائی سے حذف

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بجٹ تقریر میں اساتذہ کے حوالے سے ادا کئے گئے الفاظ پر معذرت کر لی جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کی کارروائی سے الفاظ حذف کرا دیئے۔ جمعہ کو ایوان میں ذاتی وضاحت پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اللہ نے آپ کو محفوظ رکھا، اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کو اپنی عافیت اور پناہ میں رکھے، اللہ کا جتنا بھی شکر کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل میں نے تقریر کی تھی جس میں وائس چانسلرز کے حوالے سے بات کی،

وائس چانسلرز نے آپ کو میرے ایک لفظ پر احتجاج کرتے ہوئے خط لکھا ہے، میری درخواست ہے کہ وہ لفظ کارروائی سے حذف کر دیا جائے، مجھے اپنے اس لفظ پر افسوس ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں اساتذہ کا دل سے احترام کرتا ہوں، انہوں نے میرے لفظ کی درست مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سیاست ہو رہی ہے، ہمیں درسگاہوں میں اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ دینا ہو گی، میری تقریر کا بنیادی مقصد کرپشن تھا، ملک کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں کرپشن کی بات کی تھی، اگر اساتذہ کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت چاہتا ہوں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں نے یہ خط میڈیا میں دیکھا ہے، ابھی تک میرے سامنے نہیں آیا، آپ ایک سینئر سیاستدان ہیں، آپ کا بڑا پن ہے کہ آپ نے معذرت کی، اساتذہ کا احترام ہم سب کے دلوں میں ہے، اساتذہ نئی نسل کی تربیت کرتے ہیں، ہم نے اساتذہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر تمام وائس چانسلرز کو مدعو کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ارکان کو چاہیے کہ خطاب کے دوران لفظوں کا چنائو درست کریں۔ سپیکر نے خواجہ آصف کی تقریر سے وہ لفظ حذف کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں