جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کو این جی ایس مشین کی فراہمی کا عندیہ، بیماریاں روکنے کیلئے بڑی پیش رفت

لاہور(زاہد انجم سے) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے لاہور جنرل ہسپتال کو این جی ایس(Next Generation Sequencing) مشین فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اس مشین کے ذریعے انسانی جینز میں ہونے والی تبدیلیوں کا پتہ چلا کر مستقبل میں رونما ہونے والی بیماریوں کے بارے میں معلومات حاصل ہونگی جس کی بنا پر متعددی و غیر متعددی اور وائرس کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کیلئے قبل از وقت منصوبہ بندی ممکن بنائی جاسکے گی۔ یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی، امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے بتائی۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ بیماریوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ویکسی نیشن کرنے کا تعین بھی ہو سکے گا۔ این جی ایس مشین انسانی صحت کو درپیش خطرات کم کرنے اور وائرل انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے میں مددگار بھی ثابت ہو گی اور مذکورہ بیماریوں کی وقت سے پہلے تشخیص کو یقینی بنایا جائے گا اور انسانی جینز کی تشخیص سے مستقبل میں ہونے والی بیماریوں کو ایڈوانس میں نشاندہی کرے گی۔جس سے پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس مستقل کی موثر منصوبہ بندی کر کے بیماریوں کے پھیلاؤ کو روک سکیں گے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ اس مشین کی لاہور جنرل ہسپتال میں تنصیب سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور پبلک سیکٹر میں میڈیکل ایجوکیشن و ریسرچ کی نئی راہیں کھلیں گی۔

اس نئی ٹیکنالوجی کی دستیابی سے نوجوان ڈاکٹرز کے ساتھ سینئر ڈاکٹرز بھی استفادہ کر سکیں گے اور مریضوں کو بے انتہا فائدہ پہنچے گا۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال سنٹرل ریسرچ لیب کی ڈائریکٹر پی ایچ ڈی ڈاکٹر غزالہ روبی اپنے فرائض پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ سرانجام دے رہی ہیں۔ جو اس جدید مشین کو آپریٹ کرنے، انسانی جینز پر ریسرچ و بیماریوں کی تشخیص میں موثر کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں