وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم کاانسانی اسمگلروں کے خلاف فوری کریک ڈائون کا حکم

لاہور( گلف آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی اسمگلروں کی نشاندہی کریں ۔

انسانی اسمگلنگ جیسے گھنائونے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈائون اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے ۔ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کیلئے فوکل پرسن تعینات کر دیا ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور رنج ہے ،مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔وزیر اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کئے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں