بلیغ الرحمن

فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادو پر حل کیا جائے گا، گورنر پنجاب

مکوآنہ (گلف آن لائن)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادو پر حل کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں صوبائی سطح پر فوری فیصلوں کے علاوہ وفاق سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے بھی متعلقہ وزارتوں سے بات چیت کی جائیگی۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفدسے گفتگو کر رہے تھے جس نے صدر ڈاکٹر خرم طارق کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی۔

انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہاکہ اس کے ذریعے ہی معاشرے میں فوری اور مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں تعلیم کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ فنڈ کو بڑھا کے 1.20ارب کر دیا گیا تھا مگر اِس کے بعد آنے والی حکومت نے اس فنڈ کو کم کر کے صرف62کروڑ کر دیا جس کی وجہ سے پورا تعلیمی نظام متاثر ہوا۔

انہوں نے پنجاب کے درآمد کنندگان کیلئے سندھ اور پنجاب میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی ادائیگی کو ڈبل ٹیکسیشن کی شکل قرار دیا اور کہا کہ وفاق سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے وہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات کریں گے۔ انہوں نے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیصل آباد چیمبر کے پلاٹ پر جدید آئی ٹی سنٹر کے قیام کیلئے چیمبر کو ورکنگ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ اُس کیلئے مالی وسائل مہیا کئے جاسکیں۔

زرعی آلات پر سیل ٹیکس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث تعجب ہے کہ ٹریکٹر سیل ٹیکس سے مستثنیٰ ہے جبکہ چھوٹے زرعی آلات بنانے والوں سے بھاری ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ بھی وفاقی حکومت سے متعلق ہے اس لئے وہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کہیں گے کہ اس مسئلہ پر نظر ثانی کی جائے۔

اس سے قبل ڈاکٹر خرم طارق نے ملکی معیشت میں فیصل آباد کی اہمیت کا ذکر کیا اور بتایا کہ یہاں کی بزنس کمیونٹی کو سازگار ماحول مہیا کر کے برآمدات میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں کی ڈرائی پورٹس بحران کا شکار ہیں کیونکہ انہیں پہلے سندھ میں 1.1فیصد اور اس کے بعد پنجاب میں 0.9فیصد کے حساب سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں آئندہ پانچ سالوں کیلئے ورکنگ پلان تیار کرنا ہوگا۔

تاکہ آنے والے دور میں صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔ انہوں نے موجودہ معاشی حالات سے نکلنے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ نجی شعبہ ہی معاشی گروتھ کا انجن ہے اور حکومت کو خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر کیلئے جامع ، منظم اور مربوط ترقیاتی پلان تیار کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر خرم طارق نے فیصل آباد کے معاشی، ترقیاتی اور سماجی مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت کو پنجاب کی جامع ترقی اور خوشحالی کیلئے نجی شعبہ سے مل کر عملی کوششیں کرنا ہوں گی۔

اس میٹنگ میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی کے علاوہ ایگزیکٹو ممبران محمد عاصم، حاجی عبدالرئوف، میاں محمد طیب، ڈاکٹر اعجاز نثار، محمد اظہر چوہدری ، ذیشان گچھا ، سابق صدر مزمل سلطان، سابق نائب صدر بلال وحید شیخ ، سابق ایگزیکٹو ممبر شیخ محمد فاضل ، امجد علی امجد، محترمہ نگہت شاہد اور محترمہ صوبیہ عقیل بھی موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں